نئی دہلی، 10/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی) کانگریس کی ’دہلی نیائے یاترا‘ کا دوسرا دن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ یہ یاترا آج جامع مسجد سے شروع ہو کر بارہ ہندو راؤ پر ختم ہوئی، اور اس دوران چاندنی چوک، صدر بازار، قرول باغ، راجندر نگر، پٹیل نگر اور آزاد مارکیٹ سمیت مختلف علاقوں سے گزری۔ یاترا نے تقریباً 25 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ اس دن دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کے ساتھ کانگریس کے سینئر رہنما، ہزاروں کارکنان، رضاکار اور مقامی افراد بھی اس میں شریک ہوئے۔ دوسرے دن کی خاص بات یہ رہی کہ دیویندر یادو نے چاندنی چوک کے علاقے میں واقع گوری شنکر مندر، سیس گنج گرودوارہ، جین مندر اور سنٹرل بیپٹسٹ چرچ کا دورہ کیا۔
اس درمیان دیویندر یادو نے کہا کہ وہ اس یاترا کے پورے راستے میں لوگوں کی حمایت سے بہت متاثر ہوئے ہیں، کیونکہ لوگ اب کانگریس پارٹی سے اپنی امیدیں وابستہ کر رہے ہیں۔ کانگریس اب راجدھانی میں ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گی اور عوام کو بی جے پی و عآپ سے بچائے گی۔ دہلی کانگریس صدر نے مزید کہا کہ اس یاترا کا مقصد عام آدمی، بے روزگار نوجوانوں، خواتین اور بوڑھوں کو انصاف دلانا ہے۔ جن ضرورت مندوں کو پنشن نہیں مل رہی، جنہیں راشن کارڈ جاری نہیں کیا گیا اور وہ مصیبت زدہ شہری جنھیں عآپ اور بی جے پی نے گزشتہ 10 سالوں میں بدحال کر دیا، انھیں راحت و انصاف دلانے کے مقصد سے کانگریس نے قدم بڑھا دیا ہے۔
شری دیویندر یادو اور کانگریس کے دیگر لیڈران نے ’دہلی نیائے یاترا‘ کے دوران کئی مقامات پر ٹھہر کر لوگوں سے بات چیت بھی کی اور ان کے مسائل کو سمجھنے کی کوشش کی۔ دیویندر یادو نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یاترا کے دوران جب کانگریس لیڈران و کارکنان نے مقامی لوگوں سے بات چیت کی تو انہیں بہت سی شکایات موصول ہوئیں۔ مثلاً لوگوں کو گندہ پانی مل رہا ہے، جگہ جگہ کچرا جمع ہے کیونکہ ایم سی ڈی وین شاذ و نادر ہی گندگی کو اٹھانے آتی ہیں۔ مانسون کے دوران پانی کا جماؤ اور حادثات، فضائی آلودگی و ٹریفک کی بھیڑ... اور اس طرح کے دیگر کئی مسائل۔‘‘ دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ جب لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو عام آدمی پارٹی کی حکومت نے ان کی کوئی مدد نہیں کی، بلکہ کیجریوال اور ان کے ساتھیوں نے آبکاری پالیسی گھوٹالہ کیا، کلاس رومز کی تعمیر میں بدعنوانی کی اور اس طرح کے دیگر گھوٹالوں کو انجام دے کر اپنی جیبوں کو بھرا۔